ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آشیش مشرا سمن کے باوجود حاضرنہیں ہوا، نیپال فرار ہوجانے کا خدشہ

آشیش مشرا سمن کے باوجود حاضرنہیں ہوا، نیپال فرار ہوجانے کا خدشہ

Sat, 09 Oct 2021 12:16:12    S.O. News Service

لکھنؤ، 9؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) لکھیم پور کے تکونیا  سانحہ کا کلیدی ملزم آشیش مشرا عرف ’مونو‘ سمن کے باوجود کرائم برانچ کے روبرو پیش نہیں ہوا۔اس کے گھر پر  جمعہ کو پولیس نے ایک اور نوٹس چسپاں کرتے ہوئےسنیچر کو 11؍بجے پولیس دفتر میں طلب کیا ہے۔ حکومت کے ذریعہ تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر کل وہ حاضر نہیں ہواتو اسے مفرور قرار دیا جاسکتا ہے۔ امکان یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے  وہ نیپال قرار ہو گیا ہے۔حالانکہ، وزیرا علیٰ یوگی خود آشیش کے دفاع میںکھل کر آگئے ہیں اور ایک حیران کن بیان میں کہا ہے کہ گرفتاری کے لئے صرف الزام کافی نہیں، ثبوت بھی چاہئے۔ ادھر آشیش کے والدمرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ’ٹینی‘ نے وضاحت پیش کی کہ ان کا بیٹا روپوش نہیں ہے بلکہ بیمار ہونے کے سبب پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوسکا، مگر وہ کل ضرور حاضر ہوگا۔ 

  اس سے قبل لکھیم پور میں کسانوں پر گاڑی چڑھاکر مارڈالنے کے معاملے کا کلیدی ملزم اور مرکزی وزیر کا بیٹا آشیش مشرا جمعہ کو بھی پولیس سے دور رہا۔کل ہی پولیس نے اس کے گھر نوٹس چسپاں کرتے ہوئے اسے طلب کیا تھا مگر اس کا اس پر کوئی اثر نہیں ہوا، جس کے بعد آج ایک اور نوٹس چسپاں کیا گیا ہے۔آشیش کو اب معاملے کی تفتیش کررہی ایس آئی ٹی نے سنیچرکو بلایا ہے۔اسے لکھیم پور پولیس ہیڈکوارٹر میں حاضر ہونے کےلئے کہا گیا ہے۔ ادھر، آشیش کے نیپال یا اتراکھنڈ میں  روپوش ہونے کی میڈیا میں جاری خبروں کی تردید کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ’ٹینی‘ نے وضاحت پیش کی ہے کہ ان کا بیٹا ملزم نہیں، اس لئے پولیس سے بھاگنے کا سوال ہی نہیں۔وہ بیمار ہیں، اس لئے آج پیش نہیں ہوسکے مگر ہفتہ کو وہ اپنا بیان درج کرانے ضرور حاضر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں امیت شاہ سے بھی ان کی گفتگو ہوئی ہے۔


Share: